بھارت نے کولمبو ٹیسٹ میں سری لنکا کو اننگز اور 53 رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی، جدیجا کی 5 وکٹیں، مرد میدان قرار پائے

ہندوستان نے روندرا جدیجا کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 53 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے پہلی اننگز میں فالو آن کے بعد اپنی دوسری نامکمل اننگز 209 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کو تو دیمتھ کرونا رتنے 92 اور پشپاکمارا 2 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم 16 کے انفرادی سکور پر ایشون نے پشپا کمارا کو آؤٹ کردیا جبکہ کپتان دنیش چندی مل بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 2 رنز بناکر روندرا جدیجا کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

کرونا رتنے نے کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کرتے ہوئے 141 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو بڑی شکست سے نہ بچاسکے۔

اینجلو میتھیوز 36، دلروان پریرا 31، نروشن ڈکویلا 31، دھنانجایا ڈی سلوا 17 اور نوان پردیپ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رنگنا ہیراتھ 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

دوسری اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 386 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور یوں میچ میں اننگز اور 53 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں ، ایشون اور پانڈیا نے2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جدیجا کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارتی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ 2-0 سیریز بھی اپنے نام کرلی، بھارت نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 304 رنز سے شکست دی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY