نواز شریف کی عدلیہ مخالف تقاریر پرکارروائی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع۔

0
96

لاہور: جی ٹی روڈ ریلی کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی مبینہ طور پر عدلیہ مخالف تقاریر پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا گیا۔

ایک مقامی شہری محمود اختر کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ایک درخواست دائر کی گئی، جس میں نواز شریف کی ریلی کے دوران مبینہ عدلیہ مخالف تقاریر کو چیلنج کیا گیا۔

درخواست میں اعتراض اٹھایا گیا کہ ‘نواز شریف نے اپنی ریلی کے دوران مختلف مقامات پر عدلیہ مخالف تقاریر کیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر مسلسل نکتہ چینی کی’۔

درخواست گزار کے مطابق ‘نواز شریف کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے اور آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت قابل دست اندازی جرم ہے’۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ‘نواز شریف کے خلاف عدلیہ مخالف تقاریر پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے’۔

ساتھ ہی ‘نوازشریف کی تقاریر کی اشاعت اور نشر کرنے پر پابندی’ کے ساتھ ساتھ ‘سابق وزیراعظم کے خلاف بچے کی ہلاکت کے مقدمے کی کارروائی’ کی بھی استدعا کی گئی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کیس کے حوالے سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دے دیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY