دنيا کے کئی ممالک کے سربراہان نے بارسلونا ميں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی آج جمعے کے روز مذمت کی ہے۔ جرمن چانسلر انگيلا ميرکل کے دفتر سے جاری کردہ بيان ميں ہلاک شدگان اور متاثرين کے ساتھ اظہار افسوس کيا گيا۔ روسی صدر ولاديمير پوٹن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو متحد ہو جانا چاہيے۔
امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پيغام ميں حملے کی مذمت کرتے ہوئے ميڈرڈ حکومت کو ہر ممکن تعاون کی يقين دہانی کرائی ہے۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيريش نے مذمتی بيان کے ساتھ يہ بھی کہا کہ وہ اميد کرتے ہيں کہ ذمہ داران کے خلاف جلد از جلد کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازيں پاکستانی وزير اعظم شاہد خاقان عباسی، برطانوی وزير اعظم ٹيريزا مے اور فرانسيسی صدر امانوئل ماکروں نے بھی مذمتی بيان جاری کيے۔













