پاکستان سپر لیگ کی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کی نمائندگی کرنے والے جارح مزاج بیٹر شرجیل خان کا کہنا ہے کہ وہ لیگ میں ایک مضبوط کم بیک کے لیے پُرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے گزشتہ 2 برسوں میں اپنی فٹنس اور کھیل پر بھرپور محنت کی اور 28 کلو وزن کم کیا۔

جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں شرجیل خان نے بتایا کہ پی ایس ایل سے دو سال کی دوری ان کے لیے ایک چیلنج ضرور تھی، تاہم انہوں نے اس عرصے کو اپنی فٹنس بہتر بنانے اور کھیل کو مزید نکھارنے کے لیے استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طویل وقفے کے بعد فوراً پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا، لیکن انہوں نے کم بیک کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تیاری کی۔

شرجیل نے کہا کہ اس دوران انہیں یہ بھی اندازہ ہوا کہ پروفیشنل کرکٹ کو طویل عرصے تک جاری رکھنے کے لیے کس نوعیت کی فٹنس اور روٹین درکار ہوتی ہے۔ یہ سمجھ اگرچہ دیر سے آئی، لیکن میرے کیریئر کے لیے نہایت اہم ثابت ہوئی۔

شرجیل خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2 برس میں اپنی فٹنس پر خاص توجہ دیتے ہوئے 28 کلوگرام وزن کم کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک پروفیشنل ٹرینر اور ڈائیٹیشن کی مدد حاصل کی، جس سے نہ صرف وزن کم کرنے میں مدد ملی بلکہ ایک بہتر لائف اسٹائل اپنانے کا شعور بھی ملا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس دوران ڈومیسٹک اور مختلف لیگز میں کھیلتے رہے تاکہ خود کو مقابلے کے لیے تیار رکھ سکیں، جبکہ آف ٹائم میں فٹنس پر مسلسل کام جاری رکھا۔

حیدرآباد کنگزمین کی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے شرجیل خان کا کہنا تھا کہ ٹیم نئی ہے اور کمبی نیشن سیٹ ہونے میں وقت لگتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی لیگ مرحلے میں ٹیم اپنی کارکردگی بہتر کرے گی۔

کنگز مین کے بیٹر کا کہنا تھا کہ “ہمیں صرف ایک جیت کی ضرورت ہے، اس کے بعد ہمارا مومنٹم بدل جائے گا”۔

انہوں نے ڈریسنگ روم کے ماحول کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑی بھی کافی معاون ہیں، جس سے ٹیم کے اندر ہم آہنگی بہتر ہو رہی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY