آزادی کپ کے فائنل ٹی 20 میچ میں 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون نے 20 اوورز میں 8وکٹ پر150 رنز بنائے اور پاکستان 33 رنز سے جیت گیا ۔
ورلڈ الیون کے ڈیوڈ ملر اور ڈیرن سیمی نے ساتویں وکٹ پر 18گیندوں پر 25رنز کی شراکت قائم کی ،جو حسن علی نے بریک کی ،ڈیوڈ ملر 1چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 32رنز بناکر میچ کو سنسنی خیز لمحات تک لے آئے۔
10اوورز میں صرف 67رنزپر ٹاپ 5بیٹسمینوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد بھی ورلڈ الیون نے پاکستانی بولنگ لائن کا دبائو قبول کرنے سے انکار کردیا، تاہم اگلے ہی اوور میں رومان رئیس نے بابر اعظم کی مدد سے پریرا کو میدان بدر کردیا ۔
پریرا نے 13ویں اوور میں شاداب خان کو 3لگاتار چھکے اور 4چوکا رسید کیا اور 13گیندوں پر 32رنزبناکررومان رئیس کا شکار بنے،انہوں نے ڈیوڈ ملر 21 ناٹ آئوٹ کے ساتھ 45رنز کی شراکت قائم کی ۔
ورلڈ الیون کے اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال 14رنزکو عثمان خان نے 15 کے اسکور پویلین کی راہ دکھائی، پانچویں اوور میں بین کٹنگ5 رنزکو حسن علی نے بولڈ کردیا ، اگلی گیند پر گزشتہ میچ کے ٹاپ اسکورر ہاشم آملہ21 رن آئوٹ ہوگئے ۔
ورلڈ الیون کی ابتدائی 3وکٹیں 41 کے اسکور پر گرگئیں تو پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی،8ویں اوور میں جارج بیلی3 کو آئوٹ کرکے عماد وسیم نے میچ پر گرین شرٹس کی پکڑ مزید مضبوط کردی ۔
ورلڈ الیون کے پانچویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین کپتان فاف ڈوپلیسی تھے ،جو 15رنز بناکر شاداب خان کی زبردست تھرو پر رن آئوٹ ہوگئے ۔
اس سے قبل ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،پاکستان نے احمد شہزاد 89،بابر اعظم 48 ، فخر زمان 27 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 183رنز کا مجموعہ کھڑا کیا۔













