انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ میانمار کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی عائد کر دے۔
ایمنسٹی نے پابندی کا مطالبہ میانمار کی طرف سے اس تشدد کو روکنے پر ناکامی پر کیا ہے جس کے باعث گزشتہ ایک ماہ کے دوران روہنگیا مسلمانوں کی قریب نصف ملین تعداد ہمسایہ ملک بنگلہ دیش مہاجرت پر مجبور ہوئی۔ سلامتی کونسل روہنگیا بحران کے حوالے سے جمعرات کے روز اپنا پہلا اوپن سیشن منعقد کرے گی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش روہنگیا کے خلاف جاری میانمار کی فوج کے آپریشن کو روہنگیا کی ’’نسلی تطہیر‘‘ قرار دے چکے ہیں۔












