ابوظبی ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے پر سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر61 رنز بنالئے، کرونا رتنے 32رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
شیخ زاید اسٹیڈیم میں کرونا رتنے اور کوشل سلوا نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو جلد ہی کوشل سلوا کی وکٹ کی شکل میں پہلی کامیابی ملی، وہ صرف 12رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
اگلے ہی اوور میں یاسر شاہ نے نئے بیٹسمین تھریمانے کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 35رنز تھا۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کوسل مینڈس بیٹنگ کے لئے آئے اور کرونا رتنے کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا، دونوں بیٹسمینوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 61رنز تک پہنچایا دیا لیکن کھانے کے وقفے سے قبل آخری اوور میں کوسل مینڈس یاسر شاہ کی گھومتی ہوئی گیند کو سمجھ نہ سکے اور وکٹ کے پیچھے سرفراز کو کیچ دے بیٹھے۔
کھانے کا وقفہ ہوا تو کرونا رتنے 32رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے دو اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ابوظبی ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کپتان کی حیثیت سے سرفراز احمد کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے حارث سہیل کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔
ٹاس کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میں قیادت کرنا میرے لیے فخر کی بات ہے، ٹریننگ کیمپ اور یہاں آکر سیریز کے لے بہت محنت کی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
سری لنکن کپتان دنیش چندی مل نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے، بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، امید ہے اس سیریز سے جیت کے ٹریک پر آجائیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY