ابو ظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے،ناٹ آؤٹ بیٹسمین چندی مل اور ڈک ویلا نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ٹیسٹ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 227رنز بنائے تھے۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پہلے سیشن میں مہمان ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اوپننگ بیٹسمین کشال سلوا اور کرونارتنے نے 34 رنز کی شراکت قائم کی ۔ سلوا 12 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد ایک رنز کے اضافے کے بعد نئے آنے والے لہیرو تھرمانے بھی بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مینڈس تھے جو صرف 10 رنز بناسکے،اُنہیں یاسر شاہ نے اپنی گھومتی ہوئی گیند سے شکارکیا۔ چوتھی وکٹ پر کرونارتنے اور کپتان دنیش چندیمل نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا اور چائے کے وقفے تک 82 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 143 تک پہنچا دیا۔
سری لنکا کی چوتھی وکٹ 161 رنز پر گری اور کرونارتنے نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 93 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں چندی مل اور ڈک ویلا نے دن کے اختتام تک اننگز کو سنبھالا اور سری لنکن ٹیم کو مزید کسی نقصان سے دور رکھا۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دو جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔











