بھارت کے دارالحکومت ممبئی کے ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے ممبئی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے ترجمان تانا جی کمبلے کا کہنا تھا کہ فوری طور پر بھگدڑ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم خبردار کیا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے واقعے میں 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 5 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ’یہ واقعہ انتہائی ہجوم کے باعث پیش آیا تاہم حالات اس وقت کنٹرول میں ہیں‘۔
مقامی میڈیا پر واقعے کے حوالے سے چلنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کررہے ہیں جبکہ کچھ کو زینے سے زمین پر منتقل کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ مقامی ٹرین سے ہر روز ممبئی میں 2 کروڑ لوگ سفر کرتے ہیں اور اس طرح کے حادثات یہاں معمول کی بات ہے۔












