کوئٹہ میں کاسی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے کاسی روڈ پر ایک گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ہزارہ برادری کے 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان میں مختلف کالعدم تنظیمیں، سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں جبکہ گذشتہ ایک دہائی سے صوبے میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 15 سال میں صوبے بھر میں ہزارہ کمیونٹی پر حملوں کے 1400 واقعات سامنے آئے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی میں ہزارہ کمیونٹی کو ان کے نمایاں جسمانی خدو خال کے باعث با آسانی شناخت کی وجہ سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

10 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 4 افراد جاں بحق اور دو خواتین زخمی ہوگئی تھیں۔

اس سے قبل 4 جون کو کوئٹہ کے علاقے سپینی روڑ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور مرد جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ 19 جولائی کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں فائرنگ سے 4 افراد کو ہلاک کیا گیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY