پاکستان فٹ بال ٹیم کے کوچ شہزاد انور نے کہا ہے کہ فیفا کی جانب سے معطلی کے بعد فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا پاکستان کا سفر اب خطرے میں پڑگیا ہے۔
گزشتہ ڈھائی سالوں میں پاکستان فٹ بال کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ بیان سے باہر ہے۔ ملکی فٹ بال کو نہ صرف تباہ کیا گیا بلکہ دنیا بھر میں اپنا مذاق اڑوایا گیا۔
ایسی صورتحال میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا پاکستان لایا جانا فیصل صالح حیات کی قابل تحسین کارنامہ تھا لیکن اب فیفا کی جانب سے پاکستانی فٹ بال کو معطل کئے جانے پر ورلڈ کپ ٹرافی شاید پاکستان نہ آسکے۔
جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں فٹ بال کی مایوس کن صورتحال میں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا پاکستان میں لایا جانا ملک میں موجود لاکھوں شائقین فٹ بال کے لئے ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کے مترادف تھا۔
فیصل صالح حیات کی ذاتی کاوشوں اور بین الاقوامی فٹ بال میں بہترین سفارتکاری کی بنیاد پر پاکستان کو ان پچاس ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا جہاں پر اس ٹرافی کی رونمائی ہونا ہے،تاہم موجودہ صورتحال میں فیفا ورلڈ کپ 2018روس کی ٹرافی کا پاکستان آنا خطرے میں پڑ گیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY