وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی، وکیل خواجہ حارث کی غیر موجودگی کے باعث ملتوی کرنا پڑی۔ عدالت نے نوازشریف خاندان اور وزیرخزانہ کے مقدمات کی سماعت کے موقع پر نیب، ملزمان اور میڈیا کے کورٹ روم میں نمائندوں کی تعداد مقرر کر دی۔
جونیئر وکیل مومنہ ایڈووکیٹ نے احتساب عدالت کو خواجہ حارث کی بیرون ملک روانگی کا بتایا تو فاضل جج نے اسحاق ڈار کو روسٹرم پر بلا لیا۔ وزیر خزانہ نے کہا ان کے وکیل خواجہ حارث رات کو اچانک بیرون ملک جانا پڑا، انکی وطن واپسی تک کارروائی ملتوی کی جائے۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرلی، آئندہ سماعت پیر کو ہوگی۔
عدالت نے نوازشریف فیملی اور اسحاق ڈار کیخلاف مقدمات کی سماعت کیلئے نیب، ملزمان کے وکلا اور میڈیا کا کوٹہ مقر کر دیا۔ فاضل جج نے حکم دیا کہ نیب کے 9 اور ملزمان کے وکلا سمیت 15 افراد کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی، میڈیا کے 15 نمائندے عدالت میں آ سکیں گے۔
واضح رہے نیب ریفرنس پر اسحاق ڈار کے خلاف 4 اکتوبر کو استغاثہ کے پہلے، 12 اکتوبر کو دوسرے جبکہ 16 اکتوبر کو تیسرے گواہ کا بیان قلمبند کیا گیا۔عدالت نے 27 ستمبر کو اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کی فرد جرم عائد کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY