اقوام متحدہ کے جوہری امور کے نگران ادارے، آئی اے ای اے کے بورڈ نے بدھ کو ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں ایران کی جانب سے ادارےکے جوہری انسپکٹروں کے ساتھ کے تعاون نہ کرنےپر تنقید کی گئی ہے۔

قرارداد برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے پیش کی تھی اور چین اور روس نے اس کی مخالفت کی جب کہ بارہ ممالک غیر حاضر رہے۔ یہ قرارداد 2022 کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی قرارداد ہے اور ایران کی بڑھتی ہوئی جوہری سرگرمیوں پر تعطل کے دوران سامنے آئی ہے ۔ اور یہ ایران پر سفارتی دباؤ بڑھانے کے لیے ایک علامتی قدم ہے۔

اے ایف پی کی حاصل کردہ ایک خفیہ دستاویز کے مطابق ، ایران کے دو خفیہ مقامات پر یورینیم کی موجودگی کے حوالے سے تہران پر “تکنیکی اعتبار سے قابل اعتماد وضاحتیں” فراہم کرنے کی “اہم اور فوری” ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔

ایرانی میڈیا اور حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ قرارداد ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے خلاف ہے۔

اس سے قبل بدھ کے روز، ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے IAEA کو انتباہ کیا تھا کہ بعض رکن ملک اپنے سیاسی ایجنڈے کے لیے ادارے کی صلاحیتوں کا فائدہ اٹھانے کی کوششیں کررہے ہیں۔

ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے سیاسی مشیر علی شمخانی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر خبردار کیا تھا کہ اگر کچھ گمراہ یورپی ملکوں نے بورڈ کی میٹنگ میں ایران کے خلاف معاندانہ موقف اختیار کیا تو انہیں ایران کی جانب سے شدید اور موثر رد عمل کا سامنا کرنا ہو گا۔

فارس خبر رساں ایجنسی نے ایران کے جوہری توانائی کے سربراہ محمد اسلامی کے حوالے سے کہا ہے کہ “بورڈ آف گورنرز میں ایران کے خلاف قرارداد جاری کرنے اور فریقین کی جانب سے سیاسی دباؤ کی صورت میں، ایران اپنے اعلان کے مطابق جواب دے گا۔”

SHARE

LEAVE A REPLY