بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسدالزمان خان روہنگیا مہاجرین کی مسلسل آمد کے تناظر میں میانمار کے دورے ہیں۔ اُن کے ہمراہ اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کا ایک وفد بھی ہے۔
میانمار میں حکام کے ساتھ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ روہنگیا مسلم مہاجرین کی واپسی پر بات چیت کریں گے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین سرحدی کنٹرول اور روہنگیا باشندوں کی واپسی کے سمجھوتے طے پانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
کئی بین الاقوامی امدادی ایجنسیوں کے مطابق رواں برس پچیس اگست کے بعد سے میانمار کی ریاست راکھین سے چھ لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین فرار ہو کر بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہو چکے ہیں۔












