شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں اداروں میں کوئی ٹکراؤ نہیں، سول اور عسکری قیادت نے اکٹھے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن سے ملاقات کی، ذاتی کام سے لندن آیا ہوں، وزیر اعظم ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
برطانیہ پھر ن لیگ کی سیاسی سرگرمیوں کا محور بن گیا۔ نواز شریف اور شہباز شریف کچھ دیر میں لندن پہنچنے والے ہیں۔ شاہد خاقان پہنچ گئے۔ ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب کا ملک ایک ہے اور ہم سب مل کر اس کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں، کچھ روز قبل جب ٹیلرسن آئے تو سیاسی و عسکری قیادت نے ایک میز پر بیٹھ کر بات کی تھی کیونکہ جب ملک ایک ہے تو پھر اس کے تمام ادارے بھی ایک ہی جانب ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک اور حکومت بالکل ٹھیک چل رہے ہیں، سازشی تھیوریوں پر یقین نہیں رکھتا، ان کی کوئی گنجائش نہیں۔












