کویتی حکومت نے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے والے غیر ملکی افراد کو بے دخل کرنے کی تجویز پر غور کرنا شروع کردیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کویت کے سیکریٹری داخلہ نے ایک روز قبل نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ شیخ خالد کو کچھ تجاویز پیش کیں جن میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے 5 سنگین خلاف ورزیاں کرنے والے غیر ملکیوں کو بے دخل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تاہم یہ ضروری نہیں کہ تمام خلاف ورزیاں ایک ہی بار میں کی گئیں ہوں۔
کویتی عہدیدار کے مطابق سنگین خلاف ورزیوں میں حفاظتی بیلٹ نہ باندھنا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنا، گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا دینا، پیدل چلنے والوں کے لئے مخصوص جگہوں پر گاڑی پارک کرنا اور ٹریفک کو معطل کرنا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم غیر ملکی اگر مختلف اوقات میں بھی ان خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے گئے تو انہیں وطن واپس بھیج دیا جائے گا جس کے بعد وہ دوبارہ کویت میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق ان خلاف ورزیوں کے مرتکب غیر ملکیوں کے اقامے کی تجدید بھی نہیں کی جائے گی، تاہم عالمی قوانین کے تحت ماہرین مذکورہ تجاویز کے پہلوؤں کا قانونی جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد حکومت انہیں منظور یا مسترد کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ کویت کی حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پہلے سے ہی بھاری جرمانہ عائد کررکھا ہے












