مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ناکام

0
298

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ناکام ہوگئی تو جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار نے نیا ڈھونگ رچا ڈالا،رات کے اندھیرے میں کنٹرول لائن پر بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ کی، صبح ہوتے ہی بھارتی فوج کے ڈی جی ایم او نے سرجیکل اسٹرائیک کی بڑھک مار دی۔

بھارتی میڈیا بڑبولے پن میں اور دو ہاتھ آگے نکل گیا، جس نے کہا کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پار کر کے آزاد کشمیر میں تین کلو میٹر تک اندر آئی۔

خالی خولی بڑھکیں، کھوکھلے دعوے، کنٹرول لائن پر آؤٹ آف کنٹرول ہونے کی حسرت، پر ہمت نہیں، بندوق کے ٹریگر پر ہاتھ چلتا نہیں،صحافیوں کے سامنے منہ کا ٹریگر بند ہوتا نہیں، بالی وڈ کی فلموں سے متاثر نئے فینٹم بھارتی فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے رات کو پاکستانی علاقے میں سرجیکل اسٹرائیکس کا خواب دیکھا، نہ صرف خیالی دراندازوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا خیالی پلاؤ بنایا،بلکہ صبح سب کو گرما گرم کھلایا بھی، کنٹرول لائن پر پاکستانی سائیڈ پر بھاری نقصان کی ہوائیاں بھی خوب اڑائیں۔

پاکستان کے خلاف اتاؤلے بھارتی میڈیا نے بھی مصالحہ تیز کرنے کے لیے جھوٹ کی آنچ کم نہ ہونے دی، ڈی جی ایم او نے سرجیکل اسٹرائکس کی دھن پر پبلک کو نچایا تو اندھے کو اندھیرے میں بہت دور کی سوجھی، اپنی طرف سے نہ صرف فوج کو تین کلومیٹر اندر لے گیا بلکہ پاکستانی سائیڈ پر 7ٹھکانے بھی تباہ کر آیا۔

بھارتی میڈیا تو سارا دن روتا گاتا رہا لیکن ڈی جی ایم او صاحب کے پلے ایک بھی ثبوت نہ تھا کہ آخر ایک رات پہلے ہوا کیا تھا، خود بھارتی نیتا اپنی سینا کے دعوؤں کو ٹیڑھی نظر سے دیکھتے رہے، ایک صاحب نے تو جلے دل کے پھپھولے سب کے سامنے پھوڑدیے ۔

سرجیکل اسٹرائیکس کے زبانی گولے اور زبان کے مارٹرز پاکستان پر تو کیا گرتے، الٹا بھارتی معیشت کے پرخچے اڑاگئے،ممبئ اسٹاک ایکسچینج 465پوائنٹس نیچے جاگری۔

دوسری جانب حقیقت صرف اتنی ہے کہ ہمیشہ کی طرح بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں سیز فائر کو گولیوں کی بوچھاڑ سے چھلنی کرنا چاہا تو پاکستانی افواج نے منہ توڑ جواب دے کر طبیعت ہری کردی، اسی ناکامی کی خفت چھپانے کے لیے بھارت فوج نے میڈیا کی مدد سے پبلک کو سرجیکل اسٹرائیکس کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا

SHARE

LEAVE A REPLY