عالمی امن کیلئے ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں، وزیر اعظم کا بائیڈن کو جوابی خط

0
1208

وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کے خط کا جواب دے دیا اور خط لکھ کر دونوں ممالک کے درمیان توانائی اورگرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند قرار دیا۔

شہباز شریف نے خط میں کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملک توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں مل کرکام کررہے ہیں۔

انہوں نے لکھاکہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی اورگرین الائنس اقدام میں تعاون خوش آئند ہے۔

خط میں وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے ساتھ عالمی امن وسلامتی کیلئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں اور خطے کی ترقی وخوشحالی کے مشترکہ ہدف کے حصول کیلئے بھی مل کرکام کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا تھا اور یہ وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا پہلا خط تھا۔

یہ طویل عرصے کے بعد کسی بھی امریکی صدرکا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا سفارتی خط ہے اور یہ تہنیتی خط پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بحالی کا عندیہ ہے۔

سائفر معاملے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے الزامات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کےآنےکے بعد امریکا کےساتھ تعلقات کی بحالی اور بہتری دیکھنے میں آئی۔

…………………………….

امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا گیا ہے اور یہ وزیراعظم شہباز شریف کے منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا پہلا خط ہے۔

امریکی صدر نے اپنے خط میں نومنتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کےعوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانےمیں اہم ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دنیا اور خطےکو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہےگا اور صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔

خط میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے، پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام، 2022 کے سیلاب کے اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ پاکستان کےساتھ مل کر انسانی حقوق کے تحفظ، ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

خیال رہے کہ یہ طویل عرصے کے بعد کسی بھی امریکی صدرکا پاکستانی وزیراعظم کو پہلا سفارتی خط ہے اور یہ تہنیتی خط پاکستان اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات میں بحالی کا عندیہ ہے۔

سائفر معاملے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے الزامات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری آگئی تھی، وزیراعظم شہباز شریف کےآنےکے بعد امریکا کےساتھ تعلقات کی بحالی اور بہتری دیکھنے میں آئی۔

SHARE

LEAVE A REPLY