سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سول سوسائٹی نے شاہ زیب قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر شاہ رخ جتوئی ودیگر کی سزائیں بحال کرنے کیلئے اپیل دائر کردی۔
سول سوسائٹی کے دس شہریوں کی جانب سے اپیل سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دائر کی گئی۔
درخواست سول سوسائٹی کے جبران ناصر، جمشید رضا محمود، عافیہ شہر بانو ضیا سمیت 10ممبران نے دائر کی۔
وکیل درخواست گزار ان فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ اہل خانہ صلح کرچکے حکومت ملزمان کی طرف داری کررہی ہے۔ایسے میں سول سوسائٹی ہی اس کیس کو آگے لے کر چلے گی۔
فیصل صدیقی ایڈووکیٹ کے مطابق یہ ذاتی نوعیت کا قتل نہیں، معاشرے پر سنگین نتائج برآمد ہوئے۔
سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کے تحت شاہ زیب قتل کیس دہشت گردی کے زمرے میں ہی آتا ہے۔اگر ملزمان کو سزا نہ دی گئی تو معاشرے میں سنگین بگاڑ پیدا ہو جائے گا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر سزائیں بحال کی جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی سمیت چار ملزمان کو ضمانت پر رہاکردیا گیاتھا۔
کراچی کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں مقتول کے والداورنگزیب نے معافی کا حلف نامہ جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹے کے قاتلوں کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا، گھر والوں کی مرضی سے ملزمان کے اہل خانہ سے صلح کی۔ اس لئے ملزمان کی ضمانت پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔












