لاہور اور اسلام آباد کے بعد پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اور ریڈیو پاکستان کے اشتراک سے معروف نیوز کاسٹر ماہ پارہ صفدر کی خود نوشت میرا زمانہ میری کہانی کی تقریب پذیرائی بیس مارچ پیر کے روزمنعقد ہوئی.جس کے لئے آرٹس کونسل نے ایک خوبصورت سیٹ لگایا.جس کا سارا کریڈٹ کونسل کے ڈائریکٹر وقار احمد کو جاتا ہے.
تقریب کی نظامت ڈاکٹر اطہر نے نہایت شاندار انداز میں کی.تقریب سے جن زعما نے خطاب کیا ان میں معروف شاعرہ اور پی ٹی وی کی سابق کنٹرولر فرخندہ شمیم براڈکاسٹر اور شاعرطاہر پرواز شاعر اہل بیت اور براڈکاسٹر شکیل اختر معروف محقق اور شاعر ادیب نسیم سحر ریڈیوپاکستان راولپنڈی کی اسٹیشن ڈائریکٹر مسرت شاہ رخ ریڈیو اسلام آباد کے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر فیاض کیانی آرٹس کونسل کی سابق ڈائریکٹر ناہید منظور اور شاعر ہفت زبان پروفیسر مقصود جعفری شامل تھے.

مقررین نے کتاب اور مصنفہ کے حوالے تفصیلی گفتگو کی. مظہر شہزاد خان
نے ماہ پارہ صفدر کے حوالے سے گفتگو کی اور ان سے ترنم سے غزل سننے کی فرمائش کی .
ماہ پارہ صفدر اپنی گفتگو میں کئی بار جذباتی ہوئیں اور انکی آواز رندھ گئی.انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت اچھی روایت ہے کہ کسی کی موت کا تعزیتی ریفرنس کرنے کی بجائے اسے زندگی میں ہی یاد کیا جائے.
پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کے ہال میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں بڑی تعداد میں نوجوان بھی شامل تھے
تقریب کے آخری حصے میں حاضرین کے سوالات کے ماہ پارہ نے تفصیلی جوابات دئیے.
رپورٹر۔ مظہر شہزاد خان
بیورو چیف عالمی اخبار اسلام آباد













