پیپلزپارٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پرقومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا دی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدرکے بیانات کاحقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔

تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا پاکستان سے متعلق حالیہ بیان نہایت توہین آمیز اور بے بنیاد ہے جو جان بوجھ کرپاکستان کو دہشتگردی کا حامی ملک ظاہر کر کے کردار کشی کیلیے دیا گیا۔

امریکی صدر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کو ایسے بیانات دینے کی بجائے پاکستان کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے لازوال قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیئے، امریکی امداد پاکستانی قربانیوں کےسامنے کچھ بھی نہیں، لیکن افسوس امریکی صدر افغانستان اور مشرق وسطی میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے من گھڑت بیان دے رہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں۔

تحریک التواء میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اپنے مفادات کا تحفظ بہتر طریقے سے کرنا جانتا ہے، پاکستان کا مفاد خطے میں امن کے علاوہ کچھ بھی نہیں، امریکہ کو ایسے بیانات کی بجائے مشرکہ لائحہ عمل سے دہشتگردی کی جنگ میں اپنا کردارادا کرنا چاہئے، پاکستان پیپلزپارٹی نے نہایت اہم معاملہ پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تحریک التوا سید نوید قمر، نفیسہ شاہ، شازیہ مری، یوسف ٹالپور، اعجاز جاکھرانی و دیگر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی۔

SHARE

LEAVE A REPLY