فخر زمان کی میراتھن اننگز کی بدولت پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بھی نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 337 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 49ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بیٹرز کے لیے سازگار اس وکٹ پر ڈیرل مچل نے پھر سنچری اسکور کی اور اس مرتبہ نیوزی لینڈ نے پہلے سے زیادہ رنز کا انبار لگایا۔

مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔

محتاط انداز میں شروع کی گئی اس اننگز کی ابتدا میں ول ینگ 33 کے مجموعے پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر 51 رنز بنانے والے چیڈ بوس کے ساتھ ڈیرل مچل نے 86 رنز جوڑے، جبکہ چیڈ بوس کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے 183 رنز کی پارٹنرشپ بنا ڈالی۔

ڈیرل مچل نے 129 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹام لیتھم 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور جمی نیشم نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف 78 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ایک مرتبہ پھر امام الحق بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے، وہ 24 رنز کے مہمان ٹھہرے تاہم فخر زمان کے ساتھ ان کی 66 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

دوسری وکٹ پر کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ساتھ 135 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔

بابر اعظم 201 کے مجموعے پر 64 رنز بنا کر پویلین لوٹے تاہم فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا۔

فخر زمان نے اپنے کیریئر کی 10ویں سنچری بھی مکمل کی، جبکہ 7 رنز بنانے والے عبداللّٰہ شفیق کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمراہ فتح گر پارٹنرشپ بنائی اور ٹیم کو 49ویں اوور میں جیت سے ہمکنار کروایا۔

فخر زمان نے 180 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان 54 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY