لاہور ہائیکورٹ میں سیاسی جماعتوں کا دھرنا رکوانے کیلئے درخواست پر پنجاب حکومت نے احتجاج سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ ہوم سیکرٹری عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے، ہوم سیکرٹری ذمہ دار ہیں انہیں عدالت میں پیش ہونا چاہئیے تھا۔ آپ نے دھرنا روکنے کیلئے کیا اقدامات کیے؟۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا کہ دھرنا انتظامیہ کو سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا تھا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حکومتی نوٹیفکیشن میں کسی قانون کا ذکر نہیں کیا گیا۔
عدالت نے عوامی تحریک کے وکیل سے استفسار کیا کہ دھرنا یا احتجاج کا دورانیہ کتنا ہوگا۔ وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ ابھی تک یہی فیصلہ ہے کہ دھرنا ایک دن کا ہوگا، حکومت کہتی ہے فیصلے ردی کی ٹوکری میں جائیں گے، حکومت کا رویہ یہی رہا تو دھرنے یا احتجاج کا دورانیہ بڑھا سکتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی جماعتوں کو عام شہریوں کے حقوق کا احساس کرنا چاہیے۔ لاہور ہائیکورٹ نے دونوں فریقین کی جانب سے دلائل سننے کے بعد دھرنا روکنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
خیال رہے درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سیاسی جماعتوں کو مال روڈ پر دھرنے سے روکے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے دھرنا روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وفاقی، پنجاب حکومت، پیمرا اور اپوزیشن جماعتوں سے جواب طلب کیا تھا۔












