راؤ انوارکے جعلی مقابلے میں جاں بحق دوسرے نوجوان کی شناخت

0
1051

نقیب اللہ محسود کے ساتھ جعلی مقابلے میں جاں بحق دوسرے نوجوان کی شناخت ہو گئی۔ 26 سالہ نظرجان بھی محسود اور وزیرستان کا رہائشی تھا، نظرجان بحریہ ٹاؤن کراچی میں لوڈر کا کام کرتا تھا۔ نوجوان کی میت وصول کرنے بھائی اور چچا پہنچ گئے۔ نظرجان کی نماز جنازہ جرگے میں ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب راؤ انوار کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کا کہنا ہے کہ راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی، پولیس کے جانب سے تمام قانونی تقاضے پورے کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رات بھی ایک اطلاع پر گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا ہے، امید ہے نقیب قتل کیس کے ملزمان کو جلد خصوصی ٹیم گرفتار کر لے گی۔

ادھر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیرصدارت نقیب اللہ محسود کیس کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں اب تک کی تفتیش سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثنا اللہ عباسی، ایڈیشنل آئی جی کراچی آفتاب پٹھان، ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ، ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان، ایس ایس پی ملیر عدیل چانڈیو، ایس پی انویسٹی گیشن عابد قائم خانی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن زوالفقار مہر کے علاوہ اے آئی جی آپریشنز سندھ تنویر عالم اوڈھو اور اے آئی جی لیگل نے بھی شرکت کی۔

 

SHARE

LEAVE A REPLY