ڈیووس: وزیر اعظم، بل گیٹس ملاقات

0
88

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈیووس میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

ملاقات میں صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی جبکہ بل گیٹس نے امید ظاہر کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز پاکستان میں پولیو کے خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان میں سماجی شعبے میں اصلاحات پر توجہ مرکوز ہے جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حالیہ اقدامات عوام کے لیے سودمند ہوں گے۔

عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ میں موجود وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سی پیک سے متعلق مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے میں معاشی استحکام کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا جبکہ منصوبے سے خطے کے ممالک ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے اور یہ منصوبہ خطےمیں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور خوش حالی کا باعث ہوگا۔

بعد ازیںوزیر اعظم سے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) کے چیف ایگزیکٹو نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی، رکن قومی اسمبلی شیزہ فاطمہ اور دیگر حکام موجودتھے۔

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جاپان پاکستان کا اہم تجارتی شراکت دارہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے مسلسل تعاون پرجیٹرو کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ایشیائی ملکوں سے معاشی سرگرمیاں بڑھاناچاہتا ہے، پاکستان میں سیاسی استحکام، امن و امان اور معاشی ترقی میں بہتری ہورہی ہے جسے عالمی اداروں نے تسلیم کیا ہے۔

ملاقات کے دوران جیٹرو کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے جبکہ انہوں نے پاکستان میں معاشی ترقی کا بھی اعتراف کیا۔

مٹسوبشی کارپوریشن کے چیئرمین سے ملاقات میںوزیر اعظم نے کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی تعریف کی جبکہ کمپنی چیئرمین نے پاکستان مین کوئلے سے چلنے والے منصوبوں اور سیوریج اور پانی کے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔

وزیر اعظم سے ٹرینا سولر کے سی ای او کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں شاہد خاقان عباسی نے کمپنی کو پاکستان میں شمسی توانائی کا پلانٹ لگانے کی دعوت دی۔

ٹیلینار کے سی ای او نے بھی ڈاووس میں شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران کمپنی کے سی ای او کا کہنا تھا کہ ٹیلینار پاکستان میں تربیت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتی ہے۔

پاکستان میں لاکھوں افراد کو سفری سہولت فراہم کرنے والی کمپنی اوبر کے چیف ایگزیکٹو کی بھی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کمپنی پاکستانی بینکوں اور وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے ساتھ شراکت داری میں کام کرے۔

ڈیووس میں گذشتہ روز سے شروع ہونے والا عالمی اقتصادی فورم کا 48 واں اجلاس 26 جنوری تک جاری رہے گااور وزیراعظم فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے دوران وزیراعظم عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک، اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہوں کے علاوہ دیگر ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا۔

دوسری جانب عالمی میڈیا کے ساتھ انٹرویوز بھی وزیراعظم کے پروگرام کا حصہ ہیں جبکہ عالمی اقتصادی فورم اجلاس میں 70 سے زائد ملکوں کے سربراہان، 38 سے زائد عالمی تنظیموں کے سربراہ جبکہ سیاست، کاروبار اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے 3 ہزار سے زائد افراد شرکت کر رہے ہیں۔

اس اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شریک ہیں، جنہوں نے گذشتہ روز ایک سیشن سے خطاب کیا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فورم کے آخری روز یعنی جمعے کو اختتامی خطاب کریں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY