زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ایمان فاطمہ کا کیس دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مبینہ مقابلے میں ہلاک مدثر سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جے آئی ٹی نے 6 اہلکاروں کو طلب کر لیا ہے۔
قصور میں 5 سالہ ایمان فاطمہ کے زیادتی کے بعد قتل کا کیس پیچیدگی اختیار کر گیا ہے۔ واقعہ میں ملوث ملزم مدثر کو مبینہ پولیس مقابلے میں مارنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ مدثر واقعی قصوروار تھا یا بے گناہ؟ حقائق جے آئی ٹی سامنے لائے گی۔
جے آئی ٹی نے مدثر کو مقابلے میں پار کرنے والے 6 پولیس اہلکاروں کو بھی طلب کر لیا ہے۔ طلب کئے گئے اہلکاروں سب انسپکٹر محمد علی، اے ایس آئی تنویر، اے ایس آئی شریف، کانسٹیبل محمد عامر، کانسٹیبل عابد حسین اور کانسٹیبل خالد کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ فروری 2017ء میں قصور کے صدر تھانے کی حدود میں 5 سالہ ایمان فاطمہ کو زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا جس کے ملزم مدثر کو پولیس نے مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیا تھا۔












