معروف وکیل عاصمہ جہانگیر لاہور میں انتقال کرگئیں

0
988

معروف وکیل عاصمہ جہانگیر لاہور میں انتقال کرگئیں، انہیں طبیعت خراب ہونے پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
عاصمہ جہانگیر کی عمر 66 برس تھیں، وہ 27 جنوری1952 کو پیدا ہوئیں وہ سپریم کورٹ بار کی سابق صدر بھی رہ چکی ہیں۔
انہوں نے عدلیہ بحالی تحریک میں بھی کردار ادا کیا تھا۔ عاصمہ جہانگیر نے انسانی حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی۔ وہ کئی کتابوں کی مصنف بھی رہ چکی ہیں۔
عاصمہ جہانگیر آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کے مقدمے میں بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئیں اور آخری مرتبہ انہوں نے 9 فروری کو پیش ہو کر عدالت کے روبرو دلائل دیے تھے۔
تعزیت کا اظہار
صدر مملکت ممنون حسین کا ممتاز قانون دان کے انتقال پر کہنا تھا کہ عاصمہ جہانگیر نے قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔
چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عاصمہ جہانگیر انسانی حقوق کے لیے موثر آواز تھیں، ان کا انتقال بہت بڑا دھچکا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عاصمہ جہانگیر بہادر، بے باک اور نڈر خاتون تھیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ معروف قانون دان کا خلاء پر نہیں ہوگا، عاصمہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہوں۔
بیرسٹر اعتزاز احسن نے عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانی کے دھارے کے خلاف چلنے والی خاتون تھیں، ان کا انتقال بہت بڑا نقصان ہے۔
بختاور بھٹو نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیا کہ انہیں عاصمہ جہانگیر کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا۔

SHARE

LEAVE A REPLY