سینیٹ کی 52 نشستوں کیلئے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں پو لنگ کا وقت ختم ہوگیا۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ، پنجاب کی جنرل نشست سے آزاد امیدوار آصف کرمانی ، زبیر گل ، مصدق ملک ، مقبول احمد ، ہارون اختر ، پنجاب کی ٹیکنو کریٹ سیٹ پر اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم ، پنجاب سے اقلیت کی آزاد نشست سے کامران مائیکل ، پنجاب سے خواتین کی آزاد کی نشست سے نزہت صادق ، سعدیہ عباسی کامیاب ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر اعظم سواتی تحریک انصاف کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے۔
وفاق سے مشاہد حسین سید آزاد امیدوار کی حیثیت سے ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر سینیٹر منتخب جبکہ جنرل نشست پراسد جونیجوآزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے۔
سینیٹرز کے انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے۔ ایوان بالا کے ممبران کے انتخاب کے لیے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کو پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا، جہاں عوامی نمائندوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ایوان بالا کی خالی ہونے والی 52 نشستوں کیلئے 131 امیدوار میدان میں ہیں ۔ جن میں پیپلز پارٹی کے 20، ایم کیو ایم پاکستان کے 14، تحریک انصاف کے 13، پاک سرزمین پارٹی کے 4 اور 65 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ آزاد امیدواروں میں مسلم لیگ (ن) کے وہ 23 امیدوار بھی شامل ہیں جو پارٹی ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑسکیں گے کیونکہ عدالتی فیصلے کے بعد انہیں آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔













