قطر اور بحرین 6 سال بعد اپنے سفارتی تعلقات بحال کریں گے، دونوں ممالک کی سرکاری خبر ایجنسیوں نے اس پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے ساڑھے تین سال بعد جنوری 2021 میں قطر کا بائیکاٹ ختم کر دیا تھا۔
بحرین کے علاوہ دیگر تینوں ممالک نے دوحہ سے 2021 میں ہی سفری اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے تھے۔
بدھ کو بحرینی اور قطری کمیٹی نے ریاض میں واقع خلیج تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ ہیڈکوارٹرز میں دوسری ملاقات کی جہاں سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں بحرین کے ولی عہد نے قطری امیر سے بذریعہ ٹیلیفون رابطہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ 2017 میں عرب ممالک نے چند تحریکوں کی حمایت کرنے پر قطر سے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔












