نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستان ویمن کرکٹ لیگ میں دلچسپی ظاہر کردی۔

ذرائع کے مطابق ملالہ یوسفزئی پاکستان ویمن کرکٹ کے ساتھ جڑنے کی خواہشمند ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کے بعد موجودہ بورڈ کی مینجمنٹ سے بھی ملالہ یوسفزئی نے اپنی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے بورڈ سے ویمن لیگ کے تمام عمل کے حوالے سے معلومات لیں اور وہ ویمن لیگ کی ایک ٹیم لینا چاہتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی ویمن لیگ کی ٹیموں کے بڈنگ پراسس میں شامل ہوں گی۔

گزشتہ سال لاہور آمد کے موقع پر ملالہ یوسفزئی نے ویمن کرکٹرز سے خصوصی طور پر ملاقات کی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ رواں سال ویمن لیگ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 8 کے موقع پر ویمن لیگ کے سلسلے میں 3 نمائشی میچز بھی کرائے گئے تھے جن میں 10 غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔

Published on: 17 Dec 2022

انگلینڈ روانگی سے قبل نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے قومی ویمن کرکٹرز نے لاہور میں ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر ملالہ یوسفزئی کے شوہر عصر ملک بھی موجود تھے جبکہ ویمن کرکٹرز میں سدرا امین، ڈیانا بیگ اور طوبیٰ حسن موجود تھیں۔

انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار منیجر عائشہ جلیل کے ہمراہ شامل ہوئیں۔

ویمن کرکٹرز نے ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ پیش کی اور انہیں قومی ویمن ٹیم کی جیکٹ بھی دی گئی۔

ملالہ یوسفزئی نے ویمن کرکٹرز کا مزید کامیابیوں کے لیے حوصلہ بڑھایا اور آنے والے ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ پریکٹس کرتی رہیں اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں۔

خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں، ملالہ یوسفزئی
ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ اس بات پر یقین رکھیں کہ اگر آپ نے ماضی میں کیا ہے تو آپ اب بھی کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کھیل کو جتنا ہوسکتا ہے انجوائے کریں، چیلنج کو قبول کرنا سیکھیں، کامیابی ملے گی۔

ملالہ یوسفزئی نے مزید کہا کہ بچیاں ویمن کرکٹرز کو ٹی وی پر دیکھتی ہیں تو ان میں شوق بڑھتا ہے۔

اس موقع پر عصر ملک نے کہا کہ ہم دونوں کو کرکٹ کا بہت شوق ہے، کوشش کریں گے کہ آپ کو ورلڈکپ کے دوران دیکھنے کے لیے آئیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY