ڈاکٹر نگہت نسیم تمہیں‌کینسر ہے !قسط نمبر 38

2
1802

آمنہ تم میری بیٹی ہو ۔۔ اس لیئے تمہاری زمہ داریاں مجھ سے زیادہ ہیں ۔۔ میرے بعد صرف تم اس خاندان کو جوڑ کر رکھ سکتی ہو ۔۔ اس لیئے کسی کی منفی سوچ رویے اور تنقید سے متاثر نہیں ہونا ۔ سچ کے کئی پہلو ہوتے ہیں بیٹی ۔۔ ہر بات اپنے وقت پر ہی کھلتی ہے ۔۔ اس لئے تم میں تحمل اور وقا ر ہونا چاہیئے ۔۔ جب کچھ سمجھ نہ آئے تو خاموش ہو جانا ۔۔ اور اپنی خاموشی میں اپنے سوالوں‌ کے جواب ڈھونڈنا ۔ سب کچھ ہمارے اندر ہوتا ہے بیٹی ۔۔ سارے سوال بھی ۔۔ اور ان کے جواب بھی ۔۔ پھر بھی کچھ سمجھ نہ آئے تو اپنی الجھنوں‌ کو وقت کے حوالے کردینا وہ سب کچھ سلجھا دے گا۔۔۔ پیچھے مڑ کر دیکھو گی تو آگے دوڑ کر کہیں نہ جا سکو گی ۔

سنو میری بیٹی ۔۔!‌
یہ میرا کفن ہے ۔۔ تمہاری نانی ماں میرے لئے مکہ سے لائیں تھیں ۔۔ میں جب بھی اس دنیا کوچھوڑوں تم نے ہی مجھے نہلانا ہے ۔۔ مجھے یہی کفن پہنانا ہے ۔۔ میں نے سبز تھیلی آمنہ کے پاس رکھ دی ۔۔ اپنی بیٹی کی حیرانگی میری برداشت سے باہر ہو رہی تھی ۔۔ لیکن یہ میرے حوصلے کا بھی امتحان تھا جس میں مجھے فیل نہیں ہونا تھا ۔۔ میں ہنس دی اور آمنہ کی آنکھوں میں آنسو تھے ۔۔۔ نہ میری بیٹی ۔۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ ابھی ایسا ہو ۔۔ پر کبھی تو ہونا ہی ہے ناں‌ ۔۔ تو جب بھی ہو ۔۔تم نے ہی مجھے نہلانا ہے ۔۔ یہ کسی بھی بیٹی کے لئے سعادت سے کم نہیں اور کسی ماں‌کے لئے اس سے بڑی خوش قسمتی نہیں ۔۔
امی کیا جیسیکا میرے ساتھ مل کر آپ کونہلا سکتی ہیں ۔۔۔ آمنہ نے جیسے اس کے لئے مجھ سے اجازت چاہی تھی
جی جی ۔۔ میری بیٹی تم جس کو چاہو اپنے ساتھ مدد کے لئے شامل کر سکتی ہو
آئی ایم سوری بیٹی ۔۔۔ پر یہ باتیں تمہارے علاوہ میں کسی سے نہیں کہہ سکتی ۔۔ سمجھا نہیں سکتی

ہمیں ایک بار پھر وہی کھیل کھیلنا ہے جس میں تم میری ماں ہو جاتی تھیں اور میں تمہاری بیٹی بن جاتی تھی ۔۔ یاد ہے نا جب تم چھوٹی تھیں ہم شاپنگ کرتے ہوئے ایسا کرتے تھے ۔۔ اور تم کہتی تھیں واقعی امی آپ صحیح کہتی ہیں کہ ہم لوگ بہت پیسے برباد کرتے ہیں ۔۔ یہ کھیل ہم دونوں ایک دوسرے کو فضول خرچی سے بچانے کے لئے کھیلا کرتے تھے ۔۔ اور کہیں میری خواہش یہ بھی ہوتی کہ آمنہ کو زندگی کا حساب کتاب رکھنا بھی آجائے ۔۔ ہم دونوں پرانی باتیں یاد کر کر کے کافی دیر تک ہنستے رہے ۔۔۔ میں اسے دیکھ رہی تھی اور وہ مجھے ۔۔ ہم دونوں پر ایک ہی کیفیت تھی ۔۔امید اور بے یقینی کے درمیان سہمے ڈرے ہوئے سے پل ۔۔ وہ مجھے بہت دھیان سے سن رہی تھی ۔۔

بیٹی تمہارے پاپا تم سے سب سے سے زیادہ پیار کرتے ہیں ۔۔ میرے بعد ان کا سب سے زیادہ خیال رکھنا ۔ ان کو اپنے پاس لے جانا ۔۔ وہ تمہارے علاوہ کسی کے ساتھ خوش نہیں رہیں گے ۔ میں نے سرخ ڈائری میں سب کچھ لکھ دیا ہے ۔۔ تمہارے پاپا کے پاس ہے ان سے لے کر پڑھ لینا ۔۔ تمہاری بہت مدد کرے گی ۔ اور ہاں اپنے بھائیوں سے بھی بہت پیار کرنا ۔۔۔ ان کا خیال رکھنا ۔۔ یاد ہے ناں خیال کیسے رکھنا ہوتا ہے ۔۔۔

جب انہیں تمہاری تسلی کی ضرورت ہواور تم انہیں بغیر کہے دے دو

جی ۔۔ جی ممو ابھی بھی میں ہی ان کا خیال سب سے زیادہ کرتی ہوں ۔۔
میں‌ دونوں سے چھوٹی ہوں پھر بھی سب سے زیادہ گفٹ میں انہیں دیتی ہوں ۔۔ آمنہ اپنے ہی انداز میں مجھے یقین دلا رہی تھی
جی بیٹی میں جانتی ہوں ۔۔
لیکن اس سے بھی زیادہ خیال وہ ہوتا ہے جب انہیں تمہاری تسلی کی ضرورت ہواور تم انہیں بغیر کہے دے دو اور جب انہیں کبھی معاشی تنگی آئے اور تم مدد کرنے کےقابل ہو تو بغیر کہے ان کی مدد کرو ۔۔ میں‌ جانتی ہوں میری بیٹی ایسا خیال رکھتی ہے ۔۔ لیکن میرے بعد اور بھی زیادہ رکھنا ہوگا آمنہ ۔۔
جی ممو جان ۔۔
میری شہزادی بیٹی ۔۔ جیتی رہو ۔۔ اللہ پاک عزتوں اور خوشیوں میں رکھے ۔۔ میں نے آمنہ کوگلے سے لگا لیا اور ماتھاچوم لیا ۔
اور ہاں ۔۔۔ بیٹی بھابھیاں بھی بہنوں جیسی ہوتی ہیں ۔۔ اچھی فرینڈز ہوتی ہیں ۔۔ پھر دیکھو جیسکا نے ہمیں ایمیلیا دی ہے ۔۔ ہم کیسے نہ اس کی عزت کریں۔۔ اس سے پیار کریں ۔۔ دعا کرو نجیب اور نیکول بھی شادی کر کے خوش رہیں ۔۔مگن رہیں ۔

اور جب بھی تمہیں تمہارا دیوا مل جائے تو ہم سے ملوانا اور شادی ضرور کرنا بیٹی ۔۔ میں جب بھی آمنہ کوشادی کا کہتی تو وہ ہنس کر کہتی امی کیا میں دیوا دیوا کہہ کر ہرجگہ پکارتی پھروں ۔۔ اس دن ہم دونوں کتنا ہنسے تھے تب سے ہم نے اس انجانے ساتھی کا نام دیوا رکھ دیا تھاجسے آمنہ کی زندگی میں آنا تھا ۔ ہم نہیں چاہتے تھے کہ آمنہ کو کسی کے ساتھ زبردستی جوڑ دیا جائے اور اسے شادی پر مجبور کریں ۔ وہ جب چاہے جس سے چاہے شادی کر سکتی ہے ۔۔ اس بات کی اجازت اسے ہم نے نہیں ہمارے رب نے دی تھی ۔۔ پھر بیٹوں اور بیٹی میں فرق رکھناہمیں گناہ لگتا ۔۔۔ آمنہ اپنی نوکری کے سلسلے میں کینبرا میں‌ اکیلی اپنی یونٹ‌ میں رہتی تھی اور آدھے گھنٹے کی ڈرائیو پر منیب اپنی فیملی کےساتھ رہتا تھا ۔ ہم نے تو وصیت میں بھی تینوں کوبرابر رکھا تھا ۔ ۔۔ ہاں محبتوں پر بس نہیں تھا وہ تینوں کے لئے کم زیادہ ہوتی رہتی تھی ۔

ہسپتال لے جانے کے لئے ممکو کا بڑا بیگ تیار ہو چکا تھا جو بائیوپسی سے پہلے آمنہ نے میرے لئے خود خریدا تھا کہ اسے بیگز میں ممکو برینڈ بہت پسند تھا اور مجھے بہت مہنگا لگتا تھا۔۔ اس لئے اس نے ہی میرے لئے خریدا تھا ۔۔۔ ایسا وہ اکثر کرتی رہتی تھی ۔۔جو چیز مجھے مہنگی لگتی وہ بہانے بہانے سے ضرور خرید کر لے آتی تھی ۔۔۔ میری بیٹی خوش خیال ، خوش نظر اور خوش دل لڑکی تھی ۔۔ مجھے فخر تھا کہ اس نے مجھے اپنی ماں ہونے کا اعزاز بخشا تھا۔

ارے بیٹی سنو ۔۔ ایک بات تو رہ ہی گئی ۔۔ میں نے اسے یاد کروایا
آپریشن کے دوسرے دن ہی نرسیں نہانے کا کہتی ہیں ۔۔ مجھے ان کی مدد نہیں چاہیئے ۔۔ مجھے تمہارے علاوہ کوئی نہیں نہلا سکتا ۔۔ اپنے پاپا کے ساتھ وقت پر آجانا۔۔۔بس
اچھا امی ۔۔ میں وہیں رہ جاونگی ۔۔ خوش
کاش ایسا ہو سکتا ۔۔ بیٹی وہ تو اب اندر آنے ہی نہیں دیتے ۔۔ یاد ہے بایئوپسی کے دن بھی تم اپنے پاپا کے ساتھ باہر ہی تھیں۔
کوئی بات نہیں امی ۔۔کیوں فکر کر رہی ہیں
ڈاکٹر رابعہ بتا رہی تھیں کہ ویسٹ‌میڈ‌پرائیویٹ‌ ہوسپٹل کی آپریشن کے بعد کی کیئر سب سے اچھی ہے ۔۔۔ سب ٹھیک ہو گا ۔۔ آپ کوکچھ نہیں ہوگا۔۔ میری ممو ہمارے ساتھ ابھی بہت دیر تک رہیں گی ۔۔ میں نے دعا کی ہے ۔۔ میری فرینڈز نے بھی ۔۔ اور میرے سارے منیجرز نے بھی ۔۔ ۔ آمنہ کی تسلی میں کتنا پیار اور خلوص تھا ۔۔

اب وہ مجھے کچھ دیر خاموش رہنے کاکہہ رہی تھی ۔۔

جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

2 COMMENTS

  1. تمہاری صحت اور سلامتی کے لئے دل سے محبت بھری دعا ہے نگہت بیٹی

LEAVE A REPLY