دنیا بھرمیں آرتھوڈوکس مسیحی آج کرسمس منا رہے ہیں، اس موقع پر روس، یوکرین، جارجیا، پولینڈ اور مشرقی یورپ کے اکثر ممالک میں تقاریب کا انعقادکیا گیا۔

کرسمس کے موقع پر دنیا بھر میں آرتھوڈوکس گرجا گھروں میں عبادات کے ساتھ ساتھ شمعیں روشن کی گئیں۔

روسی دارالحکومت ماسکو کے کیتھیڈرل میں دعائیہ تقریب میں صدرپیوٹن نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ پیٹریاک کیرِل نے یوکرین میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سےکرسمس کے جشن کی خوشی پر فوجی واقعات غالب آگئے ہیں۔

خیال رہے کہ یوکرین کے شہریوں کی اکثریت آرتھوڈوکس چرچ سے وابستہ ہے۔

روسی صدر نےکرسمس کے موقع پر یوکرین میں6 جنوری دن 12 بجے سے 7 جنوری رات 12 بجے تک 36 گھنٹے کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا تاہم یوکرین نے روسی صدر کی جنگ بندی کا اعلان مسترد کرتے ہوئے اسے منافقت قرار دیا۔

گذشتہ روز دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملہ کرنےکا بھی الزام عائد کیا تھا تاہم آج روس نے اپنی اعلان کردہ جنگ بندی پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہےکہ روسی فوج آج رات 12 بجے تک اعلان کردہ جنگ بندی پر عمل کرے گی، روسی فوج نے گذشتہ روز یوکرینی فوج کی شیلنگ کے جواب میں گولہ باری کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY