پاکستانی کرکٹ اور محمد حفیظ کے مداحوں کےلئے خوشخبری آگئی ،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے آل رائونڈ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دیدیا ہے ۔
آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستانی آف اسپنر کی تمام گیندوں کے دوران ان کے بازو کا خم 15ڈگری سے کم رہا ۔
اعلامیے کے مطابق محمد حفیظ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد اب انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ کراسکتے ہیں۔
محمدحفیظ 17اپریل کو انگلینڈ کی لفبرایونیورسٹی میں ہونے والے بائیو میکینک ٹیسٹ میں کامیابی کےلئے پرامید تھے ۔
یونیورسٹی کی لیب میں ہونے والے ٹیسٹ میں پاکستانی آل رائونڈر سے 3 اوورز کرائے گئے تھے اور ان کی ہر گیند کو کیمروں میں محفوظ کیا گیا تھا ۔
ان کے بولنگ ٹیسٹ کا نتیجہ 14 روز بعد یعنی آج یکم مئی کو سامنے آنا تھا ،جس میں آئی سی سی نے ان کے بولنگ ایکشن کو درست قرار دیدیا ہے۔
خوشی کی یہ خبر محمد حفیظ کے گھر بھی پہنچ گئی ہے، ان کی بیوی نے ٹوئٹر پر محمد حفیظ کے ساتھ اپنی تصویر اس کے ساتھ شیئر کی ہے اور بولنگ ایکشن درست ثابت ہونے پر انہیں مبارک باد دی اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے












