چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں نواز شریف کو فوج کی مدد حاصل تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک کے میزبان حامد میر کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بہت سوچ سمجھ کر الزام لگا رہا ہوں کہ 2013 کے انتخابات میں پنجاب کے ایک بریگیڈیئر لیول کے افسر نے نواز شریف کی بہت مدد کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نواز شریف کی سیاسی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ میں نہیں نواز شریف فوج اور عدلیہ کا لاڈلہ رہا ہے۔

سینیٹ انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی کسی ایک جماعت کو اکثریت حاصل نہ ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے کہا کہ معلق پارلیمنٹ ملک کے لئے اچھی نہیں ہو گی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات ایک دو ماہ کے لیے التوا کا شکار ہو سکتے ہیں۔

قبائلی علاقوں میں جاری احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے پشتون تحفظ موومنٹ اور فوج میں مذاکرات کی پیش کش کر دی۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما چوہدری نثار سے ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب عمران خان گول کر گئے۔

SHARE

LEAVE A REPLY