تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور جلسے پر پوری قیادت نے اطمینان کا اظہار کیا ،ہماری قومی الیکشن مہم کا سفر شروع ہوا ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ مزید دو بڑے اجتماعات کئے جائیں گے جن میں سے ایک 11 مئی کو وزیرستان میں اور دوسرا 12 مئی کو کراچی میں جلسہ کیا جائےگا،جن میں عمران خان خطاب کریں گے۔
ان کا کہناتھاکہ صرف عمران خان اور تحریک انصاف قبائلی علاقوں کے لوگوں کا درد محسوس کرتے ہیں،ہم شروع دن سے ان کے ساتھ کھڑے ہیں،کچھ جماعتیں فاٹا کے انضمام کی مخالف ہیں جو پاکستان کے کاز کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
سابق وزیراعظم نوازشریف سے متعلق پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو 1979 میں خلائی مخلوق نے ہی کونسلر بنوایا تھا،سابق وزیراعظم کے خلاف مقدمہ ثابت ہوگیا ہے، میاں صاحب،آپ کا گھر میں مقابلہ ہو تو ہو لیکن سیاست میں آپ مقابلے کے اہل نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا بطور سیاسی جماعت قائم رہنا ممکن نہیں ہے کیوں کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف نے اپنا جبکہ نواز شریف اور پرویز رشید اپنا گروپ بنا رکھا ہے، بچوں نے بھی اپنا گروپ بنایا ہوا ہے لہذا الیکشن میں ہمیں ٹوٹی پھوٹی پی ایم ایل این ملے گی، انتخابات کے نزدیک آتے ہی اصل ایجنڈا عمران خان کے 11 نکات ہی ہوں گے اور یہ سب جیل جا چکے ہوں گے یا جیل جانے کی تیاری میں ہوں گے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ہیں اور اقامہ متحدہ عرب امارات کا رکھا ہوا ہے، اعلیٰ ترین عہدوں کے باوجود انہیں پاکستان کی شہریت پر ہی اعتبار نہیں تو سیاست میں کیوں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں انتخابات میں تاخیر کسی طور پر بھی قبول نہیں اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونا ہی سب کے مفاد میں ہیں۔
فواد چوہدری نےکہاکہ نائن الیون کے بعد وزیر ستان کے عوام پر جو گزری اُس پر پی ٹی آئی کے علاوہ کسی نے دھیان نہیں دیا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ فاٹا کے شہریوں کو برابر حقوق دیے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بریفنگ دی ہے ،اس کے مطابق فاٹا میں رواں سال بلدیاتی انتخابات اور اگلے برس صوبائی اسمبلی انتخابات ہوں گے ، مسلم لیگ (ن )نے محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے کہنے پر فاٹا کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا۔













