پاک افغان دوطرفہ تعاون میں بہتری کے لیے تشکیل شدہ فریم ورک افغانستان پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سولیڈیٹری (اے پی اے پی پی ایس) فعال ہوگیا، جس کے تحت ہونے والے اجلاس کے بعد دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

سیکریٹری خارجہ امور تہمینہ جنجوعہ نے اے پی اے پی پی ایس اجلاس کی میزبانی کی جب کے افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے اپنے وفد کی سربراہ کی۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے اس بات پر رضامندی کا اظہار کیا کہ اے پی اے پی پی ایس کا مکمل نفاذ، دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ مفادات ‘خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ، امن و استحکام، خوشحالی اور ترقی کے حصول میں کار گر ثابت ہوگا’، اور اس فریم ورک کے نفاذ سے خطے میں امن کو فروغ حاصل ہوگا۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے مابین اے پی اے پی پی ایس کا چوتھا اجلاس تھا، اس سے قبل تین اجلاس میں فریم ورک کے انتظامی معاملات کے بارے میں گفتگو ہوئی لیکن اس حوالے سے حتمی فیصلہ پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ کابل کے بعد منظر عام پر آیا۔

اس ضمن میں دونوں ممالک کے سربراہان نے نیا فریم ورک تشکیل دینے کےحوالےسے اپنے اپنے وزارت خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیران کو سمجھوتے پر اتفاق کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس حوالے سے پاکستان اور افغانستان میں 7 نکات پر اتفاق کیا گیا، جس میں یہ نکتہ بھی شامل تھا کہ اسلام آباد کابل میں افغان سربراہی میں امن و مفاہمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY