جينا ہاسپل نے امريکا کی سينٹرل انٹيليجنس ايجنسی کی نئی سربراہ کے طور پر حلف اٹھا ليا ہے۔ اس ادارے کی تاريخ ميں ايسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کوئی خاتون اس کی سربراہ بنی ہے۔
امريکا پر گيارہ ستمبر سن 2001 کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد مشتبہ افراد سے تفتیش کے متنازعہ طريقوں کے تناظر ميں اس عہدے کے ليے ہاسپل کی نامزدگی پر شدید تحفظات ظاہر کیے گئے تھے۔
امریکی سينيٹ نے ان کی تقرری کی منظوری گزشتہ ہفتے دی تھی۔ ہاسپل کی حلف برداری کی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس عہدے کے ليے امریکا میں جينا ہاسپل سے زيادہ اہل کوئی نہيں۔ ہاسپل واضح کر چکی ہيں کہ وہ زيادہ اہلکاروں کو فيلڈ ميں بھيجنے اور اتحادی ممالک کے ساتھ انٹيليجنس روابط بڑھانے کی حامی ہيں۔











