سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈر میں تاحال کوئی بیٹھک نہیں ہوسکی، نگراں وزیراعلیٰ کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی یا الیکشن کمیشن جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے معاملے پروزیراعلیٰ سندھ اور اپوزیشن لیڈرمیں تاحال کوئی مشاورت نہیں ہوسکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کیلئے وزیراعلیٰ سندھ اور خواجہ اظہار کے درمیان آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے گزشتہ روز اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کی ہے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے ڈاکٹر قیوم سومرو اور ڈاکٹر یونس سومرو کے نام زیر غور ہیں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمٰن کے نام پر غور کیا گیا ہے۔












