میئر وسیم اخترنے تجاوزات آپریشن سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایمپریس مارکیٹ سےمتصل عمر فاروقی مارکیٹ کو گرادیا گیا، 603 دکان دارو کو متبادل جگہ منتقل کردیا گیا ہے، باقی دکان داروں کو گارڈن میں جگہ فراہم کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 603 دوکان داروں کوایمپریس مارکیٹ کے سامنے منتقل کیا گیا، ہر دکان دار کو 4اسکوائر فٹ کے حساب سےجگہ فراہم کردی ہے ، قانون کےمطابق دکان داروں سے 11ماہ کا معاہدہ کرلیا گیا ہے، کرائے ناموں پراعتراض کرنےوالوں کو 30 دن پہلےنوٹس دیاگیاتھا۔

میئر وسیم اختر کی رپورٹ کے مطابق 484دکانداروں کی تفصیل حاصل کرلی،متبادل جگہ فراہم کی جائےگی، صدر اورایمپریس مارکیٹ کو سپریم کورٹ کی ہدایت پر کلئیر کردیاگیا، صدر میں10 مقامات پرفٹ پاتھوں ،گھروں اور ہوٹلوں کےآگے تجاوزات کو ہٹادیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت 20گرانٹ صفائی اور ملبہ اٹھانے کےلیےدینےکی پابندہوگی، ایمپریس مارکیٹ کی اصل شکل بحال کردی گئی، تازہ تصاویراور علاقے کی صورتحال تصویر کی صورت رپورٹ کا حصہ تھی۔

وسیم اختر نے بتایا کہ ختم کیےگئے کرائے ناموں کےواجبات کے ایم سی ادا کرنے کے پابند ہے، اب تک 7 ایسی شکایت موصول ہوئیں جن کےواجبات کے ایم سی نے ادا کرنے ہیں، کے ایم سی 30 دن میں متعلقہ دکانداروں کےواجبات ادا کرنے کی پابند ہے، دکانداروں سے 6 ماہ کا پیشگی کرایہ واپس ادا کیا جائےگا۔

یاد رہے گذشتہ روز تجاوزات کیخلاف آپریشن پرنظرثانی کی درخواست پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے سن لیں!غیر قانونی قبضےہرگز برداشت نہیں کروں گا ، جو کرنا ہےکریں،قبضے خالی کرائیں،کراچی صاف کریں اور وفاق ، سندھ حکومت اور میئر کو مل بیٹھ کر معاملہ دیکھنے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی میں جاری تجاوزات کے خاتمے کے خلاف کارروائی زور شور سے جاری ہے، کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر سندھ حکومت کو شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے کراچی میں تجاوزات کےخلاف آپریشن پرنظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔

سندھ حکومت نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حالیہ تجاوزات آپریشن میں انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھا جائے، کارروائی سے غریب طبقہ بھی بےروزگار ہورہا ہے، سندھ حکومت تجاوزات کیخلاف آپریشن میں ہرممکن مدد کو تیار ہے، تاہم تجاوزات آپریشن بہتر اور منظم انداز میں کرنے کی ضرورت ہے، سپریم کورٹ حالیہ تجاوزات آپریشن کے حکم پر نظرثانی کرے۔

SHARE

LEAVE A REPLY