طارق بٹ ۔۔۔ بوند بوند کو ترسو گے۔

0
1285

پانی کو زندگی کہا جاتا ہے مگر اپنی زندگی کے ساتھ جو کھلواڑ ہم نے کیا ہے شائید ہی کسی اور قوم نے کیا ہو آپ کسی بھی ایسے شہر گاوں یا قصبے میں تشریف لے جائیے جہاں حکومت کی جانب سے پانی کی سپلائی اسکیم جاری ہو گھروں کی چھتوں پر موجود پانی جمع کرنے کے لئے بنائی گئی ٹینکیاں آپ کو پانی باہر اچھالتی نظر آئیں گی ٹینکیوں سے اچھلتا ہوا یہ پانی نہ صرف آپ کے گزرنے میں رکاوٹ بنے گا بلکہ اس کے چھینٹوں سے آپ اپنے آپ کو بچانے میں بری طرح ناکام رہیں گے مزید یہی پانی گلیوں نالیوں اور سڑکوں کی تباہی کا باعث بھی بنتا دکھائی دے گا ہماری ذرا سی لاپرواہی اور سستی کا یہ مظاہرہ ہر روز لاکھوں گیلن پانی ضائع کرنے کا سبب بن رہا ہے اور یہ سب ایک ایسے ملک میں ہو رہا ہے جہاں پہلے ہی پینے والے صاف پانی کی شدید قلت ہے۔ زیر زمین پانی کی سطح آئے روز انچوں نہیں بلکہ فٹوں کے حساب سے نیچے جا رہی ہے مگر ہمیں اپنی زندگی میں بہت جلد آنے والی تباہی کا قطعا کوئی احساس نہیں ۔ ٹونٹی کھلی ہے تو بس کھلی ہے موٹر چل رہی ہے تو بس چل رہی ہے ٹینکی سے پانی چھت سے ہوتا ہوا گلی یا سڑک پہ آ رہا ہے تو آ رہا ہے ہم نے اپنے کان، آنکھیں ، دل اور دماغ بند کر رکھے ہیں یوں زندگی نالیوں میں سسکیاں لیتے ہوئے مسلسل گھٹتی جا رہی ہے ۔

صبح سویرے اٹھتے ہی صاحب لوگ باتھ روم کا رخ فرما تے ہیں اور ناشتہ فرمانے سے پہلے سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی قربانی دیتے ہیں واش بیسن میں لگی ٹونٹی اس قربانی کے دوران مسلسل پانی بہائے چلی جا رہی ہے مگر صاحب بہادر سیٹی پر کسی فلمی گانے کی دھن بجاتے شیو بنانے میں مگن ہیں اور اس دوران میں دس سے پندرہ لیٹر پانی واش بیسن سے ہوتا ہوا نالی کی نظر ہو گیا اگر صرف اتنی زحمت گوارا کر لی جائے کہ دس پندرہ روپے کا ایک مگ خرید لیا جائے اور شیو بناتے وقت پانی اس میں استعمال کیا جائے تو صرف اس ایک مد میں فی کس دس سے پندرہ لیٹر پانی روزانہ بچایا جا سکتا ہے مزید شاور کے ذریعے غسل فرمانے کی بجائے بالٹی اور مگ کے استعمال سے فی کس بیس سے پچیس لیٹر پانی روزانہ بچایا جا سکتا ہے جو بہت ساری زندگیوں کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔

پاکستان کی آبادی اس وقت بائیس کروڑ کے لگ بھگ ہے اس میں سے نصف تعداد اگر آپ مردوں کی لگا لیں اور ان میں سے بھی نصف ایسے کو شمار کر لیں جو روزانہ شیو اور غسل کرتے ہیں تو آپ خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ میری پیاری قوم روزانہ کتنا پانی ضائع کرتی ہے ۔ دوسری جانب اگر حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو انہوں نے گلی نالی اور سڑک کے نام پر تو بے شمار ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا مگر پانی کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے گذشتہ تقریبا چالیس سال سے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں صرف دو ڈیم کالا باغ اور دیامیر بھاشا اگر تعمیر ہو جاتے تو ایک تو ہم تقریبا بارہ ہزار میگا واٹ سستی بجلی حاصل کر پاتے اور دوسرا ان دونوں ڈیموں کی بدولت تقریبا پندرہ لاکھ کیوسک پانی ذخیرہ کرنے کے قابل بھی ہو جاتے یاد رہے کہ 2010 میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں آنے والا کل پانی تقریبا دس لاکھ کیوسک تھا جس نے نہ صرف ہماری کئی قیمتی جانوں کو نگل لیا بلکہ اربوں روپے کی تعمیرات اور فصلیں بھی اجاڑ دیں اور یہ اربوں ڈالر کا قیمتی پانی ہمارا سب کچھ تباہ و برباد کرتے ہوئے سمندر کی نذر ہو گیا ہم شائید دنیا کی وہ واحد قوم ہے جو ایک محتاط اندازے کے مطابق ہر سال بائیس ارب روپے کا وہ قیمتی پانی ضائع کر دیتے ہیں جو ہمارے کھیتوں کو سیراب کر کے ہمارے لئے کھربوں روپے کمانے کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔

پانی نہیں تو زندگی نہیں خدارا ہماری زندگیوں سے کھلواڑ مت کریں اس درویش نے خود اپنی گناہ گار آنکھوں سے پنڈی گھیب کے کچھ گاوں میں ایسے مناظر بھی دیکھے ہیں کہ گاوں والے ایک تالاب میں بارش کا پانی جمع کر لیتے ہیں اور پھر اسی تالاب میں سے وہ اور ان کے جانور اکٹھے پانی پیتے ہیں نہ صرف یہ بلکہ کچھ گاوں تو ایسے بھی ہیں جہاں انہی تالابوں کے پانی سے وضو بھی کیا جاتا ہے کیا اس طرح طہارت کا کوئی تصور باقی رہ جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر کالا باغ ڈیم اور دیا میر بھاشا ڈیم کے حوالے سے کوئی مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں خصوصا سندھ اور خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والی جماعتیں اس قومی اور گھمبیر مسئلہ پر اپنی اپنی ڈفلی بجانے سے باز آ جائیں اور اکٹھے ہو کر آنے والی نسلوں کے حوالے سے سوچیں آنے والے الیکشن میں ہر سیاسی جماعت کو اپنے اپنے منشور میں اس اہم مسئلہ کو اہمیت دینی ہو گی یہ اہمیت صرف زبانی جمع خرچ کی حد تک نہیں ہونی چاہیے اس حوالے سے عملی اقدامات کا ارادہ اور نیت خلوص دل سے کر کے اس پر عمل درآمد کرنا ہو گا ۔ خصوصا ملک کے کونے کونے میں خودرو جھاڑیوں کی طرح اگنے والے سروس اسٹیشن کے حوالے سے بھی کوئی لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا کہ صرف گاڑیوں کو چمکانے اور لشکانے کے چکر میں یہ سروس اسٹیشن بھی ہر روز کروڑوں لیٹر پانی زمین سے حاصل کر کے زیر زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی کا سبب بن رہے ہیں ۔ جس بے دردی سے ان سروس اسٹیشن کے ملازمین گاڑی دھونے کے بعد سروس اسٹیشن کی دھلائی میں پانی ضائع کرتے ہیں وہ عمل انتہائی قابل افسوس ہے ۔ ایک پاکستانی کی حیثیت سے انتہائی قابل احترام چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار ست بھی گزارش ہے کہ وہ موبائیل کارڈ پر ناجائز کٹوتی کے حوالے سے تو از خود نوٹس لے لیتے ہیں پانی کے بے دریغ ضیاع کے حوالے سے بھی خصوصی دلچسپی لیں اور حکومتوں کو اس جانب متوجہ کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں ایک ایک بوند پانی کو ترستی نہ رہیں ۔۔

SHARE

LEAVE A REPLY