پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کےخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 174رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

میزبان انگلینڈ کی بائولنگ لائن نےمہمان پاکستان کی لارڈ ز کی فتح کا نشہ ہیڈنگلے میں اتاردیا ،پاکستان کی طرف سے شاداب خان کامیاب ترین بیٹسمین رہے ،انہوں نے 10چوکوں کی مدد سے 56رنز کی شاندار اننگز کھیلی وہ آئوٹ ہونے والی آخری بیٹسمین تھے۔دورہ انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا ،پہلی وکٹ امام الحق کی گری ،وہ صفر کے اسکور پر براڈ کی گیند کیچ روٹ کو تھما بیٹھے ۔

گرین کیپ 17 کے اسکور پر پہنچی تھی کہ دوسرے اوپنر اظہر علی 2رنز بناکر براڈ کا دوسرا شکار بن گئے ،یوں پاکستان کی اوپنگ جوڑی جلد ہی پویلین لوٹ گئی ۔

اس موقع پر حارث سہیل اور اسد شفیق نے بغیر وکٹ گنوائے زیادہ سے زیادہ اسکور بنانے کی کوشش کی ،49 کے اسکور پر 4چوکوں کی مدد سے 28رنز بنانے والے حارث سہیل واکس اور ملن گٹھ جوڑ کا شکار بن گئے ۔62 کے اسکور پر پاکستان کواسد شفیق 27رنز کی صورت میں چوتھا نقصان اٹھانا پڑا،اس بار واکس کو کک کی مدد حاصل رہی ،کپتان سرفراز احمد کو 14 کے انفرادی اسکور پر اینڈرسن نے بولڈ کیا توآدھی گرین کیپ 78 کے اسکور پر پویلین لوٹ چکی تھی ۔

پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے عثمان صلاح الدین کو 4 کے انفرادی اسکور پر براڈ نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا ،یوں 78ہی کے اسکور پر پاکستان نے اپنی چھٹی وکٹ بھی گنوادی۔

ایک رنز کے اضافےکے ساتھ ہی آل رائونڈر فہیم اشرف بھی میدان چھوڑ گئے ،انہیں اینڈرسن نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا ،وہ پاکستانی اننگز کے دوسرے کھلاڑی تھے جو بغیر کھاتا کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔آٹھویں وکٹ پر شاداب خان اور محمد عامر نے تھوڑی بہت مزاحمت کی اور گرین کیپ کا اسکور 113رنز تک پہنچادیا ،13کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے محمد عامر کو اینڈرسن نے بریسٹو کی مدد سے قابو کرلیا۔

شاداب خان اس کے بعد حسن علی کے ساتھ مل کر ایک اور بڑی شراکت قائم کرنے کی کوشش کی ،156کے اسکور پر24رنز بنانے والے حسن علی کا واکس نے اپنی گیند پر شاندار کیچ پکڑا ،یوں پاکستان کا نواں کھلاڑی بھی پویلین لوٹ گیا۔

انگلینڈ کی طرف سے براڈ ،واکس اور اینڈرسن نے 3،3 جبکہ سیم کرن نے ایک کھلاڑی کوپویلین کی راہ دکھائی

SHARE

LEAVE A REPLY