لاہور ہائیکورٹ میں نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کے خلاف اختیارات سے تجاوز اور دورہ سوات پرقومی خزانے سے اخراجات ادا کرنے کے معاملے پر درخواست دائر کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں مقامی وکیل جاوید اقبال جعفری نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نگراں وزیراعظم نے عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد اپنے آبائی علاقے سوات کا دورہ کیا جس پر سرکاری خزانے سے بے پناہ اخراجات کیے گئے۔
درخواست گزار نے استدعاکی کہ ذاتی امور کے لئے پروٹوکول استعمال کیا گیا عدالت پروٹوکول کے معاملے کا نوٹس لے اور اضافی اخراجات واپس لینے کا حکم دے کیونکہ یہ نگراں حکومت کا مینڈیٹ نہیں۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کےرجسٹرار آفس نے پہلے اس درخواست پر اعتراض لگایا تھا کہ یہ درخواست ہاتھ سے تحریر شدہ ہے اسے کمپیوٹرائز نہیں کیا گیا تاہم درخواست گزار نے اس پر اعتراض دور کیے بغیر دوبارہ درخواست جمع کرا دی ۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید نے درخواست پر سماعت کی اور اعتراض دور کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی۔












