نگراں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے اراکین کی جانب سے الیکشن کمیشن میں اب تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کو حلف اٹھائے ایک ہفتہ گزرگیا لیکن ان کی اور وفاقی کابینہ کے ارکان کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئیں، جبکہ اس متعلق الیکشن کمیشن کی جانب سے یاد دہانی بھی کروائی جاچکی ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع نے مزید بتایا کہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نےبھی تاحال اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نےاثاثوں کی تفصیلات کے لیے نگراں حکومت کے عہدیداروں کو خطوط لکھے تھے اور اس کی یاد دہانی کے لیے بھی خطوط بھیجے گئے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے پر قانوناً اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت حلف اٹھانے کے 3 روز میں اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنا لازم ہے۔












