عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منائی گئی، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں

0
1053

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منائی گئی، اسلام آباد، لاہور، کراچی پشاور، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نماز کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں، دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے اہل وطن کو میٹھی عید کی میٹھی مبارکباد بھی دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں نمازعید کے چھوٹے، بڑے اجتماعات ہوئے جن میں فرزندان توحید نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے رب کے حضور رمضان المبارک کے بعد عید الفطر جیسی نعمت پر شکر بجا لاتے ہوئے سجدہ ریز ہوئے۔ نماز کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ، ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔

صدر مملکت نے اسلام آباد فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی، وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نماز عید ادا کی۔ انہوں نے قوم کوعید کی مبارک باد دی، عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دعا گو ہوں، اللہ تعالی اس مبارک دن کو خوشیوں کا سبب بنائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و سالمیت کیلئے تمام پاکستانی اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مندوں کاخیال رکھیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس مظفر آباد میں نماز عید ادا کی، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد کے مدرسہ اقرا تعلیم القران میں نماز عید ادا کی اور لوگوں سے عید ملے۔ گورنر پنجاب نے لاہور میں، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان ، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی اور وفاقی وزیر خرم دستگیر نے گوجرانوالہ میں نماز عید ادا کی۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں عید کی نماز ادا کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان، مرتضیٰ وہاب ، خالد مقبول صدیقی اور عامرخان نے کراچی میں نماز عید ادا کی ۔

عید ہے خوشیوں کا نام ، میٹھے تہوار پر مسرتوں کا پیغام، ایک دوسرے کے گلے لگ کر گلے شکوے ختم کئے گئے ، مسکراتے چہروں کے ساتھ یار دوستوں کا استقبال کیا گیا،کراچی سے خیبر، گلگت سے کشمیر تک رنگ ہی رنگ بکھر گئے۔

عید کے پہلے روز گھروں میں قسم قسم کے پکوان تیار کئے گئے، بریانی، چکن کڑاہی، مٹن چانپ ، شامی کباب سے تواضع کی گئی، مہمانوں کی خوب خاطر مدارت کی گئی اور وہ انگلیاں چاٹتے رہ گئے۔

میٹھی عید پر میٹھا لازم ، کیک، مٹھائیوں کے تحائف خوشیاں بانٹنے کا بہترین ذریعہ ، بیکریوں پر رش، آرڈر پورا کرنا مشکل ہوگیا۔

گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے میٹھی عید پر چٹ پٹے کھانوں کی دعوت سجا ئی

گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے میٹھی عید پر چٹ پٹے کھانوں کی پر تکلف دعوت سجا لی، اکھاڑوں میں مخالف حریف کو چاروں شانے چت کر نے کیلئے دائو پیچ لڑانے والے پہلوانوں نے پائے، مٹن بیف ، قورمہ پر خوب دائو پیچ استعمال کیے۔

عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد تمام پہلوان روایتی لباس پہنےایک دوست کی طرف اکھٹے ہوئے، گلے ملکر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی ، گپ شپ کے بعد پہلوانوں کے کھانے پینے کا بندو بست شروع ہو گیا۔

پہلوانوں کی خوش خوراکی کو مدنظر رکھتے ہوئے وافر مقدار میں پکوان تیار کیے گئےاور کھانے کی دسترخوان کو پہلوانوں کے شایان شان ڈشز جس میں مٹن قورمہ ،پائے، چانپوں سمیت انواع و اقسام کے کھانوں سےسجایا گیا جس پر پہلوانوں نے خوب ہاتھ صاف کیے۔

پہلوانوں نے عید پر خصوصی دعوتوں کا شیڈول ترتیب دے دیا اور تین دن وہ خوب ڈٹ کر کھابوں پر ہاتھ صاف کریں گے، کھانے سے فراغت کے بعد پہلوانوں نے خوب سیلفیاں بنائیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY