سعودی عرب کی قیات میں قائم عسکری اتحاد کی زمینی افواج نے یمن کی اہم بندرگاہ الحدیدہ کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ قبل ازیں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور منصور ہادی کی حامی افواج کے ہوائی اڈے میں داخل ہونے کو رپورٹ کیا گیا تھا۔ الحدیدہ شہر پر قابض ایران نواز حوثی ملیشیا کو شکست دینے کے لیے سعودی عسکری اتحاد نے بدھ تیرہ جون سے فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ یمنی صدر منصور ہادی کی فوج کے مطابق بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ حوثی ملیشیا ہوائی اڈے کے علاقے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ سعودی عسکری اتحاد کی زمینی افواج کو جنگی طیاروں کی مدد بھی حاصل ہے۔
جنگی طیاروں نے الحدیدہ کو دارالحکومت صنعا سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر بھی بمباری کی ہے تاکہ حوثی باغیوں کو دارالحکومت سے کمک اور مزید اسلحے کی فراہمی روکی جاسکے۔
الحدیدہ کی بندرگاہ گزشتہ کئی برسوں سے خانہ جنگی کا شکار یمن کے لیے ‘لائف لائن’ کی حیثیت رکھتی ہے کیوں کہ یمن بھیجی جانے والی بیشتر غیر ملکی امداد اور سامان الحدیدہ کے راستے ہی یمن پہنچتا رہا ہے۔













