چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 4گول سے ہرادیا ہے ۔

ہاکی کے بڑے ایونٹ میں بھارت نے پاکستان کو آئوٹ کلاس کردیا۔آخر کے 5 منٹ گول کیپر کے بغیر کھیلنا گرین شرٹس کو بھاری پڑگیا ۔

پاکستان نے ہاکی کی چیمپئنز ٹرافی میں مایوس کن آغاز کیا ،بھارت نے روایتی حریف کو چاروں شانے چت کردیا ،پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں ،دوسرے کوارٹر میں بھارت کے رامن دیپ سنگھ نے پہلا گول کیا ۔

تیسرے کوارٹر میں پاکستان ٹیم کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن حسب روایت سب ناکام ہوئے۔بھارت کی طرف سے دوسرا گول دل پریت سنگھ نے کیا اور اپنی ٹیم کی برتری دگنی کردی ۔

آخری کوارٹر میں پاکستانی ٹیم کے تمام حملے بھارت نے ناکام بنادئیے جبکہ گرین شرٹس نے آخری 5منٹ میں گول کیپر عمران بٹ کو باہر بیٹھاکر اضافی کھلاڑی کھلانے کا فیصلہ کیا جو ٹیم کو بھاری پڑگیا ۔

بھارت نے پاکستان کے گول کیپر کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو لگاتار گول کئے اور میچ میں گرین شرٹس کوصفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کا دوسرا میچ اتوار کو آسٹریلیا سے ہوگا ۔

SHARE

LEAVE A REPLY