ن لیگ نے چودھری نثار کے مقابلے میں ٹکٹ جاری کر دیے

0
73

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 سے سردار ممتاز اور این اے 59 سے قمر السلام راجا سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کا مقابلہ کریں گے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات 2018ء میں سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کیلئے میدان کھلا چھوڑنے کا فیصلہ نہ کرتے ہوئے اپنے دو امیدوار ان کے مقابلے کیلئے میدان میں اتار دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے چودھری نثار کے خلاف دونوں حلقوں میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 سے سردار ممتاز اور این اے 59 سے قمر السلام راجا شیر کے نشان پر چودھری نثار کا مقابلہ کرنے کیلئے 25 جولائی کو میدان میں اتریں گے۔

اس سے قبل کہا گیا تھا کہ ٹکٹ نہ ملنے کے معاملے پر ناراض چودھری نثار اور ن لیگ کی قیادت میں برف پگھلنے لگی ہے۔ پارٹی قیادت اور چودھری نثار کی طرف سے درمیانی راہ نکال لی گئی ہے، لیکن اب ن لیگ کی جانب سے چودھری نثار کیخلاف قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ چودھری نثار قومی اسمبلی کے دو اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ چودھری نثار ٹکٹ کی درخواست نہ دینے پر اصرار کرتے رہے لیکن لیگی قیادت نے درخواست کے بغیر ٹکٹ نہ دی جس کے بعد سابق وزیر داخلہ نے اپنا فیصلہ کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY