فٹبال ورلڈ کپ 2018ء میں گروپ ’ڈی‘ کے اہم ترین میچ میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نائیجیریا کو دو۔ایک سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا، کروئشیا پہلے ہی اگلے مرحلے میں جگہ بناچکی ہے۔

اسٹار فٹبالرلیونل میسی نے پہلے ہاف کے 14ویں منٹ میں شاندار گول کرکے ٹیم کو ایک۔صفر کی برتری دلائی، رواں ورلڈکپ میں میسی کا یہ پہلا گول ہے۔

نائیجیریا کے کھلاڑیوں نےبرتری ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی گول نہ کرسکی اور پہلے ہاف کا اختتام پر ارجنٹینا کی برتری کے ساتھ ہوا۔

کھیل کے 51 ویں منٹ میں نائیجیریا کو پنالٹی کک ملی اور مڈفیلڈر وکٹر موسس نے کوئی غلطی کیے بغیر گیند حریف ٹیم کے گول میں پھینک کر میچ ایک، ایک سے برابر کردیا۔

اگلے مرحلے میں جانے کے لئے ارجنٹینا کو ہر صورت یہ میچ جتنا تھا،اس لئے ٹیم کے ہر پلیئر نے بھرپور جان ماری اور 86ویں منٹ میں مارکوس روجونے شاندار گول کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلادی بلکہ ناک آؤٹ مرحلے میں بھی پہنچادیا۔

اسی گروپ کے ایک اور میچ کروئشیا نے آئس لینڈ کو دو، ایک سے شکست دے دی ۔

پہلے ہاف کا کھیل بغیر کسی گول کے برابر رہا، پہلا گول 53ویں منٹ میں کروئشیا کے میلان بادیلج نے کیا لیکن آئس لینڈ کے گلفی سیگوروسن نے 76ویں منٹ میں برتری ختم کردی۔

90 ویں منٹ میں میچ کا فیصلہ کن گول کروئشیا کے ایوان پیرسچ نے کیا ، یوں یہ میچ دو۔ایک سے کروئشیا کی جیت پر ختم ہوا۔

ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس اور ارجنٹینا کی ٹیمیں 30 جون کو آمنے سامنے ہوں گی جبکہ یکم جولائی کو کروئشیا کا مقابلہ ڈنمارک سے ہوگا۔

SHARE

LEAVE A REPLY