سینیئر نائب صدر پی ٹی آئی بابراعوان نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا نام صرف عمران خان جانتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما بابراعوان نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں نمبر گیم پورے کرلیے ، مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے ، حکومت میں شامل ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت گرانے کی ذمہ داری پوری کردی اور اب حکومت بنانے کی ذمہ داری ہے ۔
دوسری جانب رہنماتحریک انصاف جہانگیرترین نے کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 سے17 امیدوارتحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں، دیگر 8 امیدوار بھی رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ناراض اراکین کوبھی منایا ہے،تبدیلی کےسفر میں ہمارے ساتھ جو ملنا چاہےمل سکتا ہے۔
واضح رہے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ مرکز میں تحریک انصاف کو حکومت بنانے کےلئے 168ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہو گئی ہے جبکہ پنجاب میں 180ارکان کی حمایت حاصل ہو چکی ہے،(ق) لیگ سے اتحاد کا فارمولا طے پا گیا ہےجس کے تحت ان کو مرکز میں نمائندگی دی جائے گی‘ آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں‘پنجاب کا وزیراعلیٰ (ق) لیگ نہیں تحریک انصاف کا ہو گا‘اتحادیوں کو کابینہ میں شامل کیاجائے گا‘ ایم کیو ایم مرکز میں تحریک انصاف کا ساتھ دے گی۔













