وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ فوج پر تنقید سے ملکی سلامتی داؤ پر لگ سکتی ہے۔

عبدالقدوس بزنجو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج ہماری شان آن اور فخر ہے، پاک فوج پر بے بنیاد الزامات لگا کر قوم کے جذبات اور احساسات مجروع کر نے کی کوشش قابل مذمت ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ پاک فوج مثالی نظم و ضبط کا حامل ادارہ ہے اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہادری و جرأت اور عزم و استقلال پاک فوج کا طرۂ امتیاز ہے، قوم اور پاک فوج کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی ہر سازش ناکام ہوگی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے افسران کو سیاست میں گھسیٹنا خطرناک رجحان ہے اور فوج پر تنقید ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ قوم کل بھی پاک فوج کے ساتھ تھی، آج بھی ہے اور ہمیشہ ساتھ کھڑی رہے گی۔

SHARE

LEAVE A REPLY